عاشقی میں میرؔ جیسے خواب مت دیکھا کرو

  • Work-from-home

rekhta

Newbie
Mar 10, 2014
40
14
158
Delhi
عاشقی میں میرؔ جیسے خواب مت دیکھا کرو
باؤلے ہو جاؤگے مہتاب مت دیکھا کرو

جستہ جستہ پڑھ لیا کرنا مضامین_وفا
پر کتاب_عشق کا ہر باب مت دیکھا کرو

اس تماشے میں الٹ جاتی ہیں اکثر کشتیاں
ڈوبنے والوں کو زیر_آب مت دیکھا کرو

مے_کدے میں کیا تکلف مے_کشی میں کیا حجاب
بزم_ساقی میں ادب آداب مت دیکھا کرو

ہم سے درویشوں کے گھر آؤ تو یاروں کی طرح
ہر جگہ خس خانہ و برفاب مت دیکھا کرو

مانگے مانگے کی قبائیں دیر تک رہتی نہیں
یار لوگوں کے لقب القاب مت دیکھا کرو

تشنگی میں لب بھگو لینا بھی کافی ہے فرازؔ
جام میں صہبا ہے یا زہراب مت دیکھا کرو
 
Top