لوگوں کی اکثریت نے اسے بچے کو سدھارنے کا اچھا اقدام قرار دیا جب کہ بعض افراد نے اس پر تنقید بھی کی، حجام/ فوٹو: سی این این
اٹلانٹا: بچوں کی شرارتیں جب حد سے بڑھ جائیں تو والدین ان کو سزا دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں اسی لیے امریکی ریاست اٹلانٹا میں ایک حجام نے والدین کے لیے شرارتی بچوں کو سزا دینے کا انوکھا طریقہ متعارف کراتے ہوئے بچوں کے بال بزرگوں کی طرح کاٹنا شروع کردیئے ہیں۔
شرارتی بچوں کو سزا دینے میں ہیئر ڈریسر رسٹی فریڈرک نے اپنی خدمات پیش کی ہیں جو ایک خاص مشین بینجامن بٹن اسپیشل کا استعمال کرتا ہے جس سے بچوں کے بالوں کو اس طرح کاٹا جاتا ہے کہ وہ بوڑھے شخص کی طرح نظر آنے لگتے ہیں جس کے بعد وہ شرمندگی سے اپنے دوستوں کے پاس بھی نہیں جاسکتے اور سب سے بڑھ کر کچھ دیر کے لیے اپنی شرراتیں بھول جاتے ہیں۔
حجام کی جانب سے بچوں کو سدھارنے کے انوکھے طریقے کے بعد ایک ماں اپنے بچے کو لے کر اس کے پاس پہنچ گئی جس کے بعد حجام نے اس بچے کے بال اپنے ایجاد کردہ طریقے کے مطابق کاٹے اور اس کی تصاویر انٹرنیٹ پر ڈال دیں جسے لوگوں میں خوب پذیرائی ملی۔
فریڈرک نامی حجام کا کہنا تھا کہ لوگوں کی اکثریت نے اسے بچے کو سدھارنے کا اچھا اقدام قرار دیا جب کہ بعض افراد نے اس پر تنقید بھی کی۔