کھانے پینے کے آداب

  • Work-from-home

Untamed-Heart

❤HEART❤
Hot Shot
Sep 21, 2015
23,621
7,455
1,113
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب کھانا تناول فرماتے تو اپنی انگلیوں کو تین بار چاٹتے اور فرماتے جب تم میں سے کسی کا لقمہ گرجائے تو وہ اس سے گردو غبار وغیرہ دور کردے اور اسے کھالے، نیز اسے شیطان کے لئے نہ چھوڑے اور ہمیں پلیٹ صاف کرنے کا حکم دیا اور مزید فرمایا کہ تم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ اس کے کھانے کے کس حصہ میں برکت رکھی گئی ہے۔

(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم، کتاب الاطعمۃ3845)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ایک درزی نے رسول اکرم ﷺ کی دعوت کی اور کچھ کھانا تیار کیا۔ میں بھی رسول اکرم ﷺ کے ساتھ گیا۔ اس نے رسول اکرمؐ کے لئے جو کی روٹی اور شوربا پیش کیا جس میں کدو اور گوشت تھا۔ میں نے دیکھا آپؐ پیالہ میں کدو تلاش کررہے تھے میں اسی دن سے کدو سے محبت رکھتا ہوں۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب اطعمۃ 1850)
(مسلم ،کتاب الاشربۃ)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے میں نے رسول اکرم ﷺ کو کسی کھانے میں عیب نکالتے نہیں دیکھا۔ اگر آپؐ کو کبھی کوئی کھانا اچھا لگتا تو اسکو کھالیتے اور نہ اچھا لگتا تو اس کو چھوڑ دیتے۔

(مسلم ،کتاب الاشربۃ)

حضرت ابو سعید الخدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ نے پیالہ کے ٹوٹے ہوئے حصے سے پینے اور مشروب میں پھونک مارنے سے منع فرمایا ہے۔

(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الاشربۃ ،حدیث نمبر3722)


حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے برتن میں سانس لینے یا اس میں پھونک مارنے سے منع فرمایا ہے۔

(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الاشربۃ حدیث نمبر3728)


حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا اللہ کا نام لے کر اپنا دروازہ بند کرو کیونکہ شیطان (اللہ کے نام سے) بند دروازے کو نہیں کھولتا ۔اللہ کا نام لے کر چراغ کو بجھادو۔ اللہ کا نام لے کر اپنے برتن کو ڈھانک دو خوا ہ کوئی لکڑی ہی کیوں نہ ہو اور عرضاً ہو۔ اور اللہ کا نام لے کر مشکیزہ کا منہ باندھ کر رکھو۔

(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الاشربۃ ،حدیث نمبر3731)


حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی اپنے بھائی کو دعوت دے تو اسے قبول کرلے خوہ وہ دعوت ولیمہ ہو یا کوئی اور۔

(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الاطعمۃ ،حدیث نمبر3738)


حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیا ن کر تے ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جسے دعوت دی جائے اور وہ قبول نہ کرے تو اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی نافرمانی کی اور جو شخص بن بلائے (دعوت میں) شریک ہوجائے تو وہ چور کی طرح (چھپ کر) داخل ہوا اور ڈاکو کی طرح (بڑی دلیری سے) باہر آیا۔

(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الاطعمۃ ،حدیث 3741)


حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ بدترین کھانا اس ولیمہ کا کھانا ہے جس میں مالداروں کو بلایا جاتا ہے اور مساکین کو نظر انداز کردیا جاتا ہے اور جو شخص دعوت میں شریک نہ ہو تو اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی نافرمانی کی۔

(سنن ابی داوُد،جلد سوئم کتاب الاطعمۃ، حدیث نمبر3742)


حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم ﷺ نے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے والوں کا کھانا کھانے سے منع فرمایا ہے۔

(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم، کتاب الاطعمۃ 3754)
 
Top