ماؤنٹ تائی چین میں واقع یہ پہاڑ کسی عجوبے سے کم نہیں

intelligent086

Super Star
Nov 10, 2010
10,287
10,548
1,313
Lahore,Pakistan
ماؤنٹ تائی چین میں واقع یہ پہاڑ کسی عجوبے سے کم نہیں

طیب رضا عابدی

ویسے تو چین میں کئی ایسے مقامات اور عمارات ہیں جو قدیم ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی بھی حامل ہیں لیکن عام آدمی شاید دیوار چین کے بارے میں ہی جانتا ہوگا جو واقعی بہت بڑا عجوبہ ہے ۔ چین میں اس کے علاوہ اور بھی کئی حیران کن چیزیں ہیں جن میں ایک مائونٹ تائی بھی ہے ۔ مائونٹ تائی کو تائی شان مائونٹین بھی کہتے ہیں ۔ یہ ایک بہت بڑا پہاڑ ہے جو ہمیشہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے ۔ مائونٹ تائی ایک مقدس جگہ ہے ۔ اسے چینی مذہب میں خاص اہمیت حاصل ہے ۔ یہ چین کے پانچ مقدس پہاڑوں میں سے ایک ہے ۔ اس پہاڑ میں جو فنکار ی کے نمونے پائے جاتے ہیں ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ ایسے لگتا ہے کہ فنکاری کے یہ نمونے فطرت کے عین تقاضوں کے مطابق ہیں ۔ مائونٹ تائی ہمیشہ سے چینی آرٹسٹوں اور عالموں کے لئے متاثر کن رہا ہے اور یہ قدیم چینی ثقافت اور اعتقادات کی علامت ہے۔ اس پہاڑ کی عالمی سطح پر بہت زیادہ قدرو قیمت ہے ۔ یہ چین کے دو شہروں تائی این اور جنان تک پھیلا ہوا ہے ۔ اس کی بڑی چوٹی تائی این کے شہر میں ہے ۔ 219 سال قبل مسیح سے ہی یہاں پوجا کی جارہی ہے۔ پہاڑ پر ہونے والی 12 شاہی تقریبات کے انعقاد کی علامتیں ملتی ہیں جنہیں تاریخی طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس میں 22 مندر ہیں جو سب مل کر مائونٹ تائی کو چین کی اہم ترین یادگار بنادیتے ہیں ۔اس پہاڑ پر بہت قدیم اور بڑے درخت بھی ہیں۔ اس پہاڑ کی اس حوالے سے بھی اہمیت ہے کہ اس سے چین میں آرٹ کو فروغ ملا ۔ اس پہاڑ سے چین کی ان گم شدہ تہذیبوں کا سراغ ملتا ہے جو شہنشاہیت کے زمانے میں تھیں۔ تائی شان پہاڑ براہ راست ان واقعات سے جڑا ہے جن کی آفاقی اہمیت کو کسی بھی طرح کم نہیں کیا جاسکتا۔ ان واقعات میں کنفیوشس کے نظریات، چین کا اتحاداور چین میں ادب کے ظہور کی علامات اور نشانیاں ملتی ہیں۔ یہ عظیم الشان پہاڑ خوبصورت قدرتی مناظر کا شاندار نظارہ پیش کرتا ہے ۔ اس پر ہزاروں سال کے ان ثقافتی اثرات کی پرچھائیاں بھی ملتی ہیں ۔ چونکہ تائی شان پہاڑ کو مقد س پہاڑ کہاجاتا ہے اس لئے اس پہاڑ کو تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ محفوظ رکھا گیا ہے ۔ اس جگہ کو عالمی ورثہ کی حیثیت ملنے کے بعدایک کیبل کار کی تعمیر کی گئی لیکن زیادہ تر سیاح سمٹ ایریا میں پہنچنے کے لئے6660 قدم چلتے ہیں ۔ یہاں بہت سی متاثر کن جگہیں بھی ملتی ہیں جن میں چٹانوں سے بھرا ایک علاقہ بھی شامل ہے۔ پہاڑ کا زیادہ تر حصہ پرشکوہ اور حیرت انگیز ہے ۔ تائی شان پہاڑ کی حفاظت تین ہزار سال سے کی جارہی ہے ۔ انتظامیہ کو اس ورثے کی حفاظت کے لئے بہت محنت کرنا پڑتی ہے ۔ انتظامیہ کے ماتحت کئی کمیٹیاں کام کرتی ہیں۔ مالی حوالے سے سب سے زیادہ حکومت کردار ادا کرتی ہے اور پھر داخلہ فیس کی مد میں بہت پیسہ اکٹھا ہوتا ہے ۔ چین کی حکومت اپنے ثقافتی ورثوں کے تحفظ پر بہت پیسہ خرچ کرتی ہے ۔ اور مائونٹ تائی کی حفاظت اور اس کی دلکشی برقرار رکھنے کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں سیاح بہت بڑی تعداد میں آتے ہیں ۔

 
  • Like
Reactions: maria_1
Top
Forgot your password?