چینی نہیں زہر منگوا کر غریبوں کو دے دیں

  • Work-from-home

khaweri

Newbie
Jul 29, 2010
2
0
1
گستاخی معاف !
چینی نہیں زہر منگوا کر غریبوں کو دے دیں
سیلانی اور بہلانی صاحب ویسے تو ہمارے محلہ دار ہیں ۔ لیکن دونوں ہی بڑے زردار ہیں۔ سو ہمارا ان کے ساتھ ویسے تو کوئی تعلق بنتا نہیں ہے۔ سوائے اس کے کہ ہم ان کے محلے دار ہیں۔ویسے وہ ہمیں کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔منہ سے وہ بے شک کبھی اس کا اظہار نہیں کرتے لیکن ان کے ہر فعل سے تو ہم نے یہی اندازہ لگا یاہے۔ باوجود اس کے ہم تمام کیڑے مکوڑے ان کے بڑے ابھاری ہیں کہ انہوں نے ہمیں ابھی تک اپنے محلے سے نکال باہر نہیں پھینکا۔ورنہ وہ ٹھہرے ہیں اس محلے کے کرتا دھرتا، کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔ ساتھ والے محلے میں انہوں نے ایک بین الاقوامی دہشت گرد سے مل کر کتنی تباہی مچائی یہ بات تو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ جبھی تو اس محلے کے لوگ ہمیں اپنا بدترین دشمن گردانتے ہیں۔ لیکن میں ان پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس میں ہمارے محلے کے کیڑے مکوڑوں کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ہمارا کردار صرف کیڑے مکوڑوں کا ہے اور وہ ہم تمام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔
بہلانی صاحب پر سیلانی صاحب کی بڑی نوازش ہے۔انہوں نے بہلانی صاحب کوایک اچھی سی کرسی لے کر دے دی ہے۔ جس پر بیٹھ کر بہلانی صاحب تمام محلے والوں کو خوب بہلاتے رہتے ہیں۔
آپ سب لوگ یقینا سوچ رہے ہوں گے کہ میںکس طرح کی فضول بات لے کر آگیاہوں۔سیلانی اور بہلانی سے آپ کو کیا لینا دینا۔لیکن نادانو !لینا دینا ہے کیونکہ آپ بھی اسی محلے کے باسی ہیں اور میں بھی اسی محلے کا رہنے ولاہوں۔اور سیلانی اور بہلانی صاحب ہمارے مائی باپ ۔۔۔۔سو مجھے بات کرنے دیجئے اور بس تھوڑی دیر کے لیے مجھے برداشت کرلیجئے۔ ویسے بھی ہم لوگوں میں برداشت کا مادہ تو بہت زیادہ ہے۔میرے قابل احترام دوستو بات دراصل یہ ہے کہ میرا اس بات کو آپ کے ساتھ شیئر کرنے کا کوئی ارادہ قطعاً نہیں تھا۔ لیکن کیا کروں میں ٹھہرا ایک غریب کیڑا اور اگر کوئی میرے منہ سے مسلسل میرا نوالہ چھیننے کی کوشش کرے گا تو بھلا آپ ہی بتائیے کیا میں چپ رہ پاؤں گا؟ یا آپ چپ رہ پائیں گے اگر آپ کے ساتھ کوئی اس طرح کرے گا ؟ یقینا نہیں۔ سو جناب یہی وجہ ہے کہ میں آج آپ کے سامنے یہ گستاخی کررہا ہوں۔
اب جناب تفصیل اس اجمال کی کچھ یوں ہے کہ حضورِ عالی مقام جناب سیلانی اور بہلانی صاحب ٹھہرے ہیں بڑے لوگ(اگر کمپوزر بڑے کو بُرے لکھے تو مجھے اس سے بری الذمہ سمجھا جائے کیونکہ کمپوزر بھی تو ہمارے محلے کا ہی ایک فرد ہے اور یقینا اس کے بھی اپنے جذبات اور احساسات ہیں میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں)اورسیلانی اور بہلانی صاحب کے پاس میری بات سننے کے لیے کوئی وقت نہیں ہے۔ ویسے انہوں نے آپ کی بھی کونسی بات سن لی ہے؟ سو میں اپنے دل کا بھڑاس نکالنے کے لیے یہاں پر حاضر ہوا ہوں۔
اے اس محلے کے رہنے والے کیڑے مکوڑو ! کیا تم نے آج صبح کا اخبار پڑھ لیا ہے؟ہونہہ ۔۔۔تو بہت ساروں نے پڑھ لیا ہے اور بہت سارے اس جاں فزا خوشخبری سے حسبِ سابق محروم ہیں۔۔۔لیکن غم نہ کرو۔۔۔جب اگلی بار تم دکان چینی لینے جاؤگے تو تمہیں لگ پتہ جائے گا۔بجلی کا بل آئے گا تو جو بجلی تم پر پہلے سے گرر ہی ہے اس کی شدت میں جو تازہ ترین اضافہ ہوا ہے اس کا بھی تمہیں پتہ چل جائے گا۔سمجھ نہیں آئی ۔۔۔انشاء اللہ بہت جلد آجائے گی ۔۔۔میرے پیارے محلے دارو!نیپرا نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اور اے میرے پیارے معصوم کیڑے مکوڑو یہ روح فرسا خوشخبری تم سب کے لیے ہے کہ اس کا اطلاق تم سب پر ہوگا۔
کیا کہا ۔۔۔۔؟ ذرا اونچا کہو میں نے سنا نہیں اے غریب کیڑو۔
''ہمیں اس سے کیا ہم محلے کی دکان سے چینی تھوڑا ہی لیتے ہیں وہاں تو چینی بہت مہنگی ہے۔ ہم تو حسبِ سابق یوٹیلٹی سٹورز سے ہی چینی خریدیں گے!۔
اے میرے نادان کیڑے !تمہیں کچھ بھی نہیں معلوم ۔۔۔۔تم ابھی تک خوابِ خرگوش کے مزے لے رہے ہو ۔۔۔صبح ہوگئی ماموں۔۔۔ذرا آنکھ کھولو اور بیدار ہوجاؤ یہ نہ ہو کہ میں تمہیں یہ خبرسناؤں اور تم ابدی نیند سوجاؤ۔۔۔۔۔تو دل تھام کے سن لوارے نادانو ۔۔۔یوٹیلٹی سٹور ز پر چینی کی قیمت میں دس روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔اور عام مارکیٹ میں چینی کتنی مہنگی ہوگی تم سارے جانتے ہو۔۔۔۔جس کی چھری جیسے چلے گی ویسے تمہیں ذبح کرے گا۔
''تو پھر کیا حکمتِ عملی اختیار کی جائے؟''
تم لوگوں کا تو مجھے معلوم نہیں لیکن میں اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی شکایت درج کروا رہا ہوں ۔تو جناب عرض ہے کہ جب سیلانی صاحب کو سیر و تفریح اور آپ (بہلانی صاحب )کو باقی محلے والوں کو بہلانے سے فرصت مل جائے تو ذرا ہم غریب لوگوں پر ایک نظر عنایت فرما دیجئے ۔ حضور ِ والا میرا تعلق بھی ان سولہ کروڑ کیڑے مکوڑوں سے ہے جن کی آپ کی نظر میں نہ تو کوئی وقعت ہے اور نہ کوئی مقام ۔ حضور میں نے اور مجھ جیسے کروڑوں کیڑے مکوڑوں نے تین سال سے چپ کا روزہ رکھا ہے۔ اور کیوں نہ رکھیں، روزے تو ویسے ہی آپ نے ہماری تقدیر میں لکھ دیئے ہیں ۔ ہم کیڑے مکوڑوں سے آپ نے منہ کا نوالہ تو چھین ہی لیا ہے۔ سو اب بہتر یہی ہے کہ ہم لوگ روزے ہی رکھیں۔ اس سے آپ کی ذاتِ عالی مقام کو کئی فوائد حاصل ہوں گے۔ روزے سے ہمیں صبر کی تلقین ہوگی اور ہم جو ویسے ہی صبر کے خوگر ہیں اور ظلم پر خاموش رہنا تو ویسے بھی ہماری ذات میں رچ بس گیا ہے۔ ورنہ آپ ہی بتائیے ہم اتنا عرصہ آپ سب کو برداشت کرسکتے تھے؟سو ہم ایک تو آپ کومزید برداشت کرتے رہیں گے اور آ پ کاکاروبار انشاء اللہ اسی طرح سے روز افزوں ترقی کے زینے طے کرتا رہے گا۔ بس آپ اس قوم کے منہ میں روزانہ بہلاوے کی ٹافیاں دیتے رہیں ۔ اس کام میں تو آپ اپنا ثانی ویسے بھی نہیں رکھتے۔سیلانی صاحب جذبات کی رو میں بہک کر کچھ الم غلم اناپ شناپ کہہ دیتے ہیںتو آپ کس قدر خوش اسلوبی سے معاملات کو سنبھال لیتے ہیں۔میرا خیال ہے کہ یہ آپ کے ساتھ تو بڑی زیادتی ہوگی اگر آپ کو آپ کی اس صفت پر انعام و اکرام سے نوازا نہ جائے ۔ ایک تو میں اس نواز سے بہت تنگ آچکا ہوں (خاکم بدھن) ۔ ہر معاملے میں ٹانگ اڑانااس کی سرشت میں شامل ہے۔ یہ بات تو آپ مجھ سے زیادہ بہتر جانتے ہیں۔ورنہ میں یہ بات کیوں کرتا ۔ سب جانتے ہیں کہ آپ کو یہ نوکری انعام و اکرام میں ودیعت ہوئی ہے۔بات کہیں اور نکل گئی اور بات نکلے گی تو پھر دور تلک جائے گی۔۔۔سو ۔۔۔۔
چھوٹا منہ اور بڑی بات لیکن حضور کہنا لازمی ہے ، سننے میں آیا ہے کہ آپ لوگ چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے باہر سے چینی درآمد کرنا چاہ رہے ہیں سو آ پ سے میری ایک ادنیٰ سی گزارش ہے کہ آپ ہم سب پر رحم فرمایئے اور ہم تمام کیڑے مکوڑوں کے لیے چینی نہیں زہر منگوا دیں تاکہ ہم سارے چین کی ابدی نیند سوجائیں اور آپ اور آپ کے رفقائے کار چین کی بانسری بجاتے رہیںاور راوی بھی سب چین ہی چین لکھتا رہے ورنہ ان کیڑے مکوڑوں میں سے کچھ ناہنجار اسی طرح کی جسارت کرتے رہیں گے جس طرح کی غلطی آج مجھ سے سرزد ہوئی ہے۔ اور آپ تو جانتے ہیں کہ میری یہ غلطی آپ کی طبیعت پر کتنی گراں بار گزرے گی۔ لیکن حضور ہم سولہ کروڑ کیڑے مکوڑے روز جیتے ہیں روز مرتے ہیں ۔ لعنت ، ملامت ، بھوک افلاس ، مہنگائی،غربت اور اسی قماش کے بے شمار بارِ گراں اپنے ناتواں کاندھوں پر اٹھائے پھرتے ہیں ۔ لہذا گستاخی معاف۔

 
Top